ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مدھیہ پردیش میں پولیس اور سی آر پی ایف آمنے سامنے کمل ناتھ کے اوایس ڈی اور سابق مشیر کی رہائش گاہوں پر چھاپے

مدھیہ پردیش میں پولیس اور سی آر پی ایف آمنے سامنے کمل ناتھ کے اوایس ڈی اور سابق مشیر کی رہائش گاہوں پر چھاپے

Mon, 08 Apr 2019 12:22:04    S.O. News Service

بھوپال،8؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی) کولکتہ میں چھاپے کے دوران ریاستی پولیس اورمرکزی ایجنسی کے درمیان زبردست ٹکراؤ کے تقریباً دومہینے بعد اب مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ایسا ہی ایک منظر دیکھنے میں آیا ہے ۔فرق صرف اتنا ہے کہ کولکتہ میں مغربی بنگال پولیس اور سی بی آئی آمنے سامنے تھی تو اس بار مدھیہ پردیش پولیس اور سی آر پی ایف میں جھڑپ ہوئی ہے ۔ بھوپال کے پلاٹنم پلازہ میں واقع ایک گھر کے اندر انکم ٹیکس کی چھاپہ مار کارروائی چل رہی تھی اور باہر مدھیہ پردیش پولیس اور سی آر پی ایف کے درمیان نوک جھونک کے بعد حالات سنگین ہوگئے تھے ۔ سی آر پی ایف نے جہاں یم پی پولیس پر گالی دینے اور کام میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا وہیں یم پی پولیس نے مرکزی دستہ سی آر پی ایف پر عام لوگوں کو پریشان کرنے کا الزام لگایا ہے ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے خصوصی ڈیوٹی آفیسر (او ایس ڈی) پروین ککڑ کے اندور اورسابق مشیر راجیندر مگلانی کے دہلی اور بھوپال میں واقع رہائش گاہ سمیت تقریباً50مقامات پر محکمہ انکم ٹیکس کے افسروں نے اتوار کوآج علی الصباح چھاپے کی کارروائی شروع کی،جس میں اب تک 9کروڑ روپے برآمد ہوچکے ہیں۔محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع نے بتایا کہ چھاپہ مارنے کی یہ کارروائی پیسوں کے لین دین کے سلسلے میں کی گئی ہے ۔ابھی تک محکمے کی ٹیم نے9کروڑ روپے برآمد کئے ہیں۔ککڑ نے کمل ناتھ کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد دسمبر 2018 میں اوایس ڈی کا عہدہ سنبھالا تھا اور عام انتخابات کے اعلان کے بعد اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔مگلانی نے چھندواڑا میں الیکشن کے انتظام کے لئے حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ ککڑ کی اندور کے وجے نگر میں واقع رہائش گاہ،بی سی ایم ہائٹس میں واقع دفتر،ان کے ذریعہ چلائے جارہے ایک شادی ہال اور ایک فلیٹ پر چھاپہ مارنے کی کارروائی کی گئی ہے ۔ مگلانی کی بھوپال اور دہلی میں واقع رہائش گاہوں پر چھاپہ مارنے کی کارروائی کی گئی ہے ۔ذرائع نے کہا کہ50مقامات پر چھاپہ مارنے کی کارروائی جاری ہے جن میں کمل ناتھ کے قریبی رشتہ داروں کے علاوہ ان کے ایک رشتہ دار راتل پوری اور ان کی کمپنی امیرا گروپ اور موزر بیئر شامل ہیں۔بھوپال ،اندور،گوا اور دہلی میں تقریباً35مقامات پر چھاپے مارنے کی کارروائی کی گئی ہے جس میں تقریباً300افسر شامل ہیں۔ذرائع نے کہا کہ کولکاتہ کے کاروباری پارس لال لوڈھا کے ٹھکانوں پر بھی چھاپے مارنے کی کارروائی کی گئی ہے ۔چھاپوں کے دوران ضبط دستاویزوں کی تفصیلی جانچ کی جارہی ہے ۔ککڑ ریاستی پولیس سرویس کے سابق افسر ہیں۔انہیں گزشتہ دسمبر میں ریاست میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد وزیراعلیٰ کمل ناتھ کا اوایس ڈی مقرر کیاگیا تھا۔وہ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کانتی لال بھوریا کے اوایس ڈی بھی رہ چکے ہیں۔


Share: